بھٹکل:26/ دسمبر(ایس اؤنیوز)کسی بھی طرح کے فسادات ہوں، اور کسی بھی طرح کے ہنگامے ہوں، ہمیں کسی بھی حال قانون ہاتھ میں نہیں لینا ہے ، متاثرین کے حق میں قانونی جدوجہد ہی ہماری اصل ذمہ داری ہے، ان باتوں کا اظہار حقوق انسانی تحفظ کی این جی او اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس(اے پی سی آر) کے ریاستی صدر اور ہائی کورٹ کے وکیل جناب سعد الدین صالح نے کیا۔ وہ یہاں منگل کو نوائط کالونی میں واقع رابطہ ہال میں اترکنڑا ضلع کے موجودہ حالات اور قانونی رہنمائی پروگرام میں اترکنڑا ضلع کے تقریباً تمام مقامات سے تشریف فرما جماعتوں اور تنظیموں کے ذمہ داران سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ ضلع کے مختلف علاقوں میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کے بہانے فرقہ پرست پارٹیاں اقلیتوں کو نشانہ بنا کر پتھراؤ ، مساجد اور گھروں پر حملہ کرتے ہوئے سماجی امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، اے پی سی آر ضلع کے حالات پر پوری طرح نگاہ رکھے ہوئے ہے فسادات کے دوران جو بھی متاثر ہوئے ہیں انہیں قانونی تعاون دینے اور عوام میں قانونی بیداری کے لئے جدوجہد کی جارہی ہے۔ پوری ریاست میں کچھ شر پسند عناصر ودھان سبھا انتخابات کے پیش نظر بدامنی اور منافرت کا ماحول پیدا کرکے سیاسی مفادحاصل کرناچاہتےہیں ، ہمیں ایسے معاملات سے بیدار رہتےہوئے کسی طرح کی قانون شکنی کاکام نہیں کرنا چاہئے، خاص کر مسلم نوجوانوں کو قانون کی خلاف ورزی سے کیا کچھ نقصان ہوتاہے انہیں شعور دلانے کا کام ہونا چاہئے اور ملک و ملت کے لئے تعمیری سطح پر کام کرنے پر ابھارنا چاہئے، انہی اسباب کی بنا پر اے پی سی آر ریاست گیر سطح پر قانونی بیداری مہم چلارہی ہے۔
پروگرام میں اترکنڑا ضلع کے کاروار،انکولہ،سرسی ، کمٹہ ، بھٹکل ،مرڈیشور، منکی وغیرہ کی جماعتوں کے ذمہ داران نے شرکت کی، کئی ذمہ داران نے اپنے اپنے علاقہ کے مسائل پیش کئے اور قانونی طور پر اُنہیں حل کرنے کی رہنمائی حاصل کی۔ ڈائس پر اے پی سی آر کے جنرل سکریٹری ہائی کورٹ کے وکیل نیاز احمد، مجلس عاملہ کے رکن اورآر ٹی آئی کارکن محمد شفیع، اترکنڑا ضلعی صدر مولانا ایس ایم سید زبیر، ضلعی سکریٹری قمر الدین مشائخ، ریاستی مجلس عاملہ کے ممبر عنایت اللہ گوائی وغیرہ موجود تھے۔